بہترین ملکی مفاد میں تحریک انصاف حکومت کا حصہ بن رہے ہیں: شجاعت
سیالکوٹ+اسلام آباد (نامہ نگار+آن لائن) صدر مسلم لیگ (ق) چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں مسلم لیگ(ق) تحریک انصاف کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ مسلم لیگ(ق) نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے، ملک کے بہترین مفاد میں تحریک انصاف کے ساتھ مل کر حکومت کاحصہ بن رہے ہیں، احتساب کا عمل ہر ایک کیلئے ہے قوم کا پیسہ لوٹنے والے بہت جلد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکزی رہنما چودھری سلیم بریار سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔ چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ شریفوں نے اوران کے وزیروںنے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔دریں اثناء مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میںپہلی بار شفاف انتخابات ہوئے، آر ٹی ایس کی ناکامی کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ یہ سسٹم شریف برادران کی حکومت نے ہی لیا تھا۔ محمود اچکزئی کو ہرانے والا ایم ایم اے کا امیدوار تھا۔ سیاسی جماعتیں کس کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ سپیکر کا کام سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے، اسد قیصر کے پاس خیبر پی کے اسمبلی چلانے کا تجربہ ہے ان کے اچھے کاموں پرہی انہیں سپیکر اسمبلی کے لئے نامزد کیا گیا۔ تحریک انصاف کے پاس پنجاب میں نمبر پورے ہیں نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کا اعلان ایک دو روز میں ہو جائے گا۔