غزہ: صہیونی فوج کی فلسطینی مظاہرین پر فائرنگ‘ 2 شہید‘ 307 زخمی
غزہ+ نیویارک (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی) فلسطین میں اسرائیلی فورسز کے مظاہرین پر فائرنگ کر دی غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فائرنگ سے دو افراد شہید ہو گئے فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے 307 افراد زخمی بھی ہوئے مظاہرے کی کال جنگ بندی سے قبل دی گئی تھی۔ گذشتہ روز اسرائیلی سرحد کے ساتھ ہزاروں مظاہرین جمع ہوئے۔ ٹائر جلائے اور پتھراؤ کیا حکام کا کہنا ہے شہید ہونے والوں میں ایک رضاکار بھی شامل ہے۔ غزہ کی پٹی پر گزشتہ دنوں کی شدید کشیدگی کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق غزہ میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے جنگ بندی کا معاہدہ ہوا جس پر اسرائیل اور حماس نے عملدرآمد شروع کر دیا۔ حالیہ کشیدگی کے دوران حماس کے ایک سو اسی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ غزہ سے اسرائیل پر ایک سو اسی راکٹ اور مارٹر داغے گئے۔ اقوام متحدہ نے فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی تازہ وحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ غزہ پر مسلسل فضائی اور زمینی حملوں کے نتیجے میں امن وامان کی صورتحال خطرناک حد تک جا سکتی ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ نکولائی میلادینوف نے نیویارک میں ایک بیان میں کہاکہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے اور پہلے سے ابتر صورت حال مزید گھمبیر ہوجائے گی۔