• news

پلڈاٹ کا 2013ء کے الیکشن کو شفاف ترین قرار دینا حقائق کے برعکس ہے: کنور دلشاد

اسلام آباد (آئی این پی) سابق وفاقی سیکرٹری الیکشن کمشن وچیئرمین نیشنل ڈیمو کریٹک فانڈیشن کنور محمد دلشاد نے پلڈاٹ کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلڈاٹ نے 2013ء کے الیکشن کو شفاف ترین قرار دیا جو کہ حقائق کے بر عکس ہے۔2013ء کے انتخابات پاکستان کی انتخابی تاریخ کے بد ترین الیکشن تھے جسے ملک کی بائیس سیاسی جماعتوں نے مسترد کر دیا تھا اور تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی اسمبلی نے احتجاجاً اپنے استعفے بھی سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کر دئیے تھے، یورپی یونین کے مبصرین کی رپورٹ کے مطابق 93ریٹرننگ افسران نے 9مئی2013ء کی رات کو الیکشن کمشن کی منظوری کے بغیر پولنگ سٹیشن تبدیل کر کے قانون کی خلاف ورزی کی اور ان پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز شام تک نہ جا سکے اور ان کی عدم میں یک طرفہ پولنگ ہوتی رہی ۔کنور محمد دلشاد نے حقائق پر سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ 2013کے انتخابات میں ریٹرننگ افسران سپریم کورٹ کے اس وقت کے چیف جسٹس کے دبائو میں تھے اور چیف الیکشن کمشنر جسٹس فخر الدین جی ابراہیم نے مجھے بتایا کہ سابق چیف جسٹس نے الیکشن کمشن کو یر غمال بنائے رکھا۔ کنور محمد دلشاد نے 2018ء کے الیکشن کو بین الاقوامی سٹینڈرڈز کے مطابق قرار دیا اگر نادرا کا سسٹم فلاپ نہ ہوتا تو کسی کو اعتراض کرنے کی گنجائش پیدا نہ ہوتی۔

ای پیپر-دی نیشن