• news

نارنگ منڈی‘ شیخوپورہ‘ قصور: گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ‘ شہریوں کا احتجاج

لاہور (نامہ نگاران) پنجاب کے مختلف شہروں میں طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ نارنگ منڈی، شیخوپورہ، قصور شہر اور گردونواح میں ہونیوالی بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے حبس و گرمی کے موسم میں لوگوں کی زندگی اجیرن ہو گئی، اسکے ساتھ آئے روز کم اور تیز وولٹیج ہونے کی وجہ سے صارفین کا لاکھوں روپے کا الیکٹرونکس کا سامان جل گیا، شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی وولٹیج کو پورا کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ سیالکوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور منڈی شاہ جیونہ میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے سے تجاوز کر گیا، لوگوں کے کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گئے۔ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا کررکھ دی۔ سخت گرمی اور حبس کے ایام میں دن اور رات کے اوقات کے دوران دو ،دو گھنٹے لگاتار بجلی کی بندش نے شہریوں کو سخت پریشانی اور اذیت میں مبتلا کیا ہوا ہے ،شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ لیسکو کی جانب سے قصور اور گردونواح میں بدترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے لوگوں کا معاملات زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سیاسی و سماجی اور شہری حلقوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعلیٰ سے فوری نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔ نارنگ منڈی و گردونواح میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے پریشان کن صورتحال اختیار کر لی۔ ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹہ کیلئے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔

ای پیپر-دی نیشن