ڈیم فنڈ، کوہاٹ سے پوزیشن ہولڈر طالب علم کا انعامی رقم‘ سول ایوی ایشن کے ملازمین نے تنخواہیں عطیہ کرنے کا اعلان کردیا
کوہاٹ‘ لاہور (آن لائن+خبرنگار) کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ میں پری انجینئرنگ گروپ کے تھرڈ پوزیشن ہولڈرکیڈٹ کالج کے طالبعلم محمد آفاق خان نے بورڈ کی طرف سے ملنے والی 40 ہزار روپے کی انعامی رقم چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں جمع کرادی۔طالبعلم کا کہنا تھا کہ مجھے انعام سے زیادہ ملکی ترقی عزیز ہے ڈیمز بننے سے خوشحالی آئیگی اور مجھے خوشی ہوگی کہ چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں میرا بھی حصہ ہو۔ سول ایو ی ایشن اتھارٹی نے دیا مر بھاشا اور مہمند ڈیم تعمیر فنڈز کے لیے افسران سمیت ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ڈی جی سول ایو ی ایشن اتھارٹی نے افسران اور ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کی منظوری دے دی ہے۔سروس گروپ 1سے گیارہ کے عملے کی ایک دن کی تنخواہ کاٹی جائے گی۔ ڈائیر یکٹر ایچ آر ہیڈ کوارٹر سمیر سید کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق سی اے اے عملے کی ایک دن اور ایگزیکٹو گروپ ون سے سروس گروپ 9 کے افسران کی دو دن کی تنخواہ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے بطور عطیہ کاٹی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کی ہدایت کے مطابق سی اے افسران و ملازمین کی تنخواہوں سے زبردستی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔