• news

ترکی سے تعلقات اچھے نہیں‘ ٹرمپ: سٹیل‘ المونیم کی درآمدات پر ٹیرف ڈبل کر دیا

واشنگٹن/ انقرہ (اے ایف پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ترکی سے اسٹیل اور ایلمونیم کی درآمدات پر ٹیرف ڈبل کر دیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترک کرنسی لیرا کی قیمت ہمارے مضبوط ڈالر کے مقابلے میں کم ہونے کے باعث ایلمونیم کی درآمدات پر ٹیرف ڈبل کر دیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا اس وقت ہمارے ترکی سے تعلقات اچھے نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ رواں مہینے کے آغاز میں امریکہ نے دو ترک حکام، جن پر جاسوسی کرنے اور دہشت گردی کے الزام ہیں، پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ ترکی نے فوری جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کے اس اقدام سے دو اتحادیوں کے درمیان تعلقات کو مزید نقصان پہنچے گا۔ خیال رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے عوام سے غیر ملکی کرنسی کو لیرا میں تبدیل کرنے کی اپیل کی۔ خیال رہے کہ ترک کرنسی لیرہ آج 10 فیصد گرتے ہوئے ریکارڈ کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ رجب طیب اردوان نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آپ نے جو یوروز، ڈالرز اور سونا اپنے تکیوں کے نیچے چھپا کر رکھے ہیں اسے ہمارے بینکوں سے لیرا میں تبدیل کروائیں، یہ ایک قومی جدو جہد ہے۔' طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترک عوام متحد رہے ہیں اور سازشوں سے نہ گھبرائیں، اگر مخالفین کے پاس ڈالرز ہیں تو ہمارے پاس اللہ ہے، ترکی مالی اور معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن