• news

عمران اسماعیل گورنر سندھ نامزد‘ وزیراعلی پنجاب 48 گھنٹوں میں فائنل کر لیں گے : پی ٹی آئی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ نامزد سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عمران خان سے ملاقات کی، جمہوریت میں سب سے اہم ادارہ پارلیمنٹ ہے، عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری میں شہباز شریف،زرداری‘ بلاول بھٹو اور خورشید شاہ کو دعوت دی جائے گی۔ عمران خان میانوالی کی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔ وزیراعظم ایوان کو جوابدہ ہونگے۔ پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے کیلئے اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ کفایت شعاری کے اقدامات کو جاری رکھا جائے گا۔ وزیراعظم ہاﺅس، گورنر ہاﺅسز، چیف سیکرٹری ہاﺅسز کے اخراجات میں کمی لائی جائے گی۔ حلف برداری کی تقریب میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز اور ارکان کو دعوت دی جائے گی۔ اپوزیشن کے جو بھی مطالبات ہیں ان پر غور و فکر کیا جائے گا۔ ایم این ایز کا اجلاس بھی بلا لیا ہے۔ پنجاب اسمبلی ارکان کا اجلاس 14 اگست کو بلایا جائے گا۔ وزیراعظم کے انتخاب میں ہم 180 سے زیادہ ووٹ لیں گے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کیلئے تین نام فائنل کر لئے ہیں، آج حتمی نام آ جائے گا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو ہو گا۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ معیشت ہے، اسد عمر کا فوکس ملکی معیشت کی بہتری پر ہے، 48 گھنٹے میں وزیراعلیٰ پنجاب کا نام فائنل کر لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ عمران خان نے اس حوالے سے باضابطہ منظوری دیدی ہے۔ عمران خان کی رہائش سے متعلق سکیورٹی ایشوز ہیں، سکیورٹی سے متعلق رپورٹ آنے کے بعد بتایا جائے گا۔پاکستان تحرےک انصاف کے چےئرمےن عمران خان نے اقلےتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پےغام مےں کہا ہے کہ 11 اگست اقلےتوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تجدےد عہد کا دن ہے ہماری اقلےتوں کی پاکستان سے محبت مثالی اور کسی شک و شبے سے بالاتر ہے قےام پاکستان سے لے کر آج تک اقلےتوں نے قومی زندگی مےں بے مثال خدمات سرانجام دےں قائداعظم نے اقلےتوں کے حوالے سے پاکستان کی پالےسی کی بنےاد رکھی تھی۔ تحرےک انصاف اقلےتوں کے حوالے سے قائداعظمؒ کے ویژن کو نافذ کرے گی ہم نے اقلےتوں کی بہبود کےلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کا عزم کر رکھا ہے مکمل مذہبی آزادی سے فلاح و ترقی کے ےکساں مواقع کی فراہمی تک ہر وعدہ نبھائےں گے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے ممتاز ماہر معاشیات عبدالرزاق داﺅد کو اپنی حکومت میں شمولیت کی دعوت دے دی انہیں وزیراعظم عمران خان کا مشیر مقرر کیا جائے گا۔ عبدالرزاق داﺅد صنعت، سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل اور تجارتی امور پر وزیراعظم کے مشیر ہوں گے۔ عمران خان سے معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی نے بھی ملاقات کی۔ عقیل کریم ڈھیڈی نے عمران خان کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں معیشت کی بحالی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے عقیل کریم ڈھیڈی نے کہاکہ پاکستانی معیشت پر مشکل وقت ہے، امید ہے عمران خان پاکستانی معیشت کو مشکل سے نکالیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ممتاز بھٹو کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو نے ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں سندھ میں حکومت سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فواد چودھری

ای پیپر-دی نیشن