گورنر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بدھ کو طلب کر لیا....
لاہور/ اسلام آباد/ کراچی (خصوصی رپورٹر+ ایجنسیاں) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس 15 اگست بدھ صبح 10 بجے طلب کرلیا۔ صوبائی نگران صوبائی وزیر قانون ضیا رضوی نے کہا ہے کہ 15 اگست کو نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے جبکہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب 16 اگست کو خفیہ رائے شماری سے ہوگا جس کے بعد وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا جائیگا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے اجلاس 15 اگست کو بلانے کی سمری گورنر کو بھجوائی تھی۔ علاوہ ازیں سندھ، خیبر پی کے اور بلوچستان اسمبلیوں کے اجلاس کل ہوں گے جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔ صدو مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس بھی 13 اگست کو صبح 10 بجے طلب کیا ہے جہاں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نو منتخب ارکان قومی اسمبلی سے حلف لیں گے۔ حلف برداری کے بعد سپیکر، ڈپٹی سپیکرکا انتخاب عمل میں آئے گا۔پی ٹی آئی نے اسد قیصر کو سپیکر کا امیدوار نامزد کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے چیئرمین عمران خان کوقائدایوان کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے جبکہ حزب اختلاف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو اپنا مشترکہ امیدوار نامزد کیا ہے۔ خیبرپی کے کے گورنر نے نئی منتخب صوبائی اسمبلی کا اجلاس پیر کو صبح دس بجے پشاور میں طلب کیا ہے۔اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے نئے منتخب ارکان اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ اسمبلی ایوان کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر اور صوبے کے وزیراعلی کا انتخاب بھی کرے گی۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس بھی کل ہوگا جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے اور سپیکر، ڈپٹی کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ دوسری جانب الیکشن کمشن نے ایک سے زائد نشستوں پر جیتنے والوں سے استعفے مانگ لئے، ایک سے زائد نشستوں پر جیتنے والے ارکان کو استعفے الیکشن کمشن کو ارسال کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمشن کے مطابق استعفیٰ چیف الیکشن کمشنر کے نام بھجوایا جائے۔ استعفے قومی یا صوبائی اسمبلی کی نشست سنبھالنے سے پہلے بھیجے جائیں۔ آئین کے مطابق جیتنے والا رکن ایک ہی نشست رکھ سکتا ہے۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔ حلف اٹھانے کے بعدسپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ تحریک انصاف کے رہنماﺅں اسد قیصر اور پرویز خٹک نے صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑ دیں ہیں۔ اسد قیصر اور پرویز خٹک قومی اسمبلی کی نشستوں کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی جیتے ہیں، اسد قیصر قومی اسمبلی کے حلقے این اے 18 اور پی کے 44 جبکہ پرویز خٹک نے این اے 25 اور پی کے 61 اور پی کے 64 سے کامیابی حاصل کی ہے۔
پنجاب اسمبلی