العزیزیہ، فلیگ شپ ریفرنس، نواز شریف کی کل احتساب عدالت طلبی، جیل انتظامیہ کو نوٹس موصول
اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنسز کی کل 13اگست کی سماعت پر احتساب عدالت میں پیشی یقینی بنانے کےلیے اڈیالہ جیل انتظامیہ کو عدالتی نوٹس موصول ہوگئے ہیں۔ پولیس نے نوازشریف کی متوقع پیشی کیلئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا شروع کردیاہے جبکہ میڈیا نمائندوں کی محدود تعداد کوریج کیلئے کمرہ عدالت لے جایا جاسکے گا۔ پولیس ذرائع نے بتایاہے کہ نوازشریف کو اڈیالہ جیل سے بکتربندگاڑی کے ذریعے سخت سیکیورٹی حصار میں عدالت لایا جائے گاجبکہ قافلے میں جیمرز والی گاڑی اورایمبولینس بھی شامل ہوگی۔نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر اطراف میں 500سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔کمرہ عدالت اوراحاطے میں داخلہ صرف فراہم کئے جانے والے ناموں کی لسٹ پرہی ہوگا۔ واضح رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست پر فیصلے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
نواز شریف کل طلبی