• news

ملک بھر میں جشن آزادی منانے کی تیاریاں عروج پر، ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار

لاہور/اسلام آباد/ کراچی(خصو صی رپورٹر +آئی این پی) ملک کے71 ویں یوم آزادی کے موقع پر شہریوں کی جانب سے بھرپور تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ جشن آزادی کو یادگار اور منفرد بنانے کے لیے شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔جوں جوں یوم آزادی کا دن قریب آرہا ہے ویسے ویسے جشن آزادی منانے کے لیے شہر قائد کے باسیوں کا جوش و جذبہ بڑھتا جا رہا ہے،شہریوں کی جانب سے آزادی کا دن منانے کے لیے کی جانے والی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ہیں۔عوام وطن عزیز سے محبت کے اظہارکیلیے گلیوں ،محلے ،چوراہوں اور سڑکوں کو سبز ہلالی پرچم سے سجا رہے ہیں وہیں پر ان مقامات پر چراغاں بھی کر رہے ہیں، یوم آزادی کو یادگار اور منفرد بنانے کے لیے شہری سجاوٹ میں نت نئی جدت لا رہے ہیں۔سرکاری،نیم سرکاری اور دیگر عمارتوں ، تعلیمی اداروں ، مارکیٹوں اور بازاروں کو جھنڈے ،جھنڈیوں ، ہری اور سبز روشنیوں سے سجایا جا رہا ہے ،یوم آزادی کے موقع پر جہاں نوجوانوں کی جانب سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جا رہا ہے وہیں پر خواتین بھی کسی سے پیچھے نہیں اور ہر سال کی طرح امسال بھی قومی پرچم سے مشابہت رکھنے والے ملبوسات اور جیولری کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔یوم آزادی کے موقع پر جہاں مخصوص مارکیٹوں میں یوم آزادی کی مناسبت سے سامان فروخت کیا جا رہا ہے وہیں پر شہر بھر میں سبز ہلالی پرچموں ، بیجز ، ٹی شرٹس ،کیپ ، ہیئر بینڈز ،جھنڈیوں اور دیگر سامان کے سینکڑوں سٹالز لگائے گئے ہیں جہاں پر دن پر شہریوں کی بڑی تعداد خریداری کرتی ہوئے دکھائی دیتی ہے۔بچے بھی قومی پرچم اور جھنڈیوں کی خریداری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جا رہاہے۔یوم آزادی کے موقع پر 13اگست کی رات کو شہر کے مختلف علاقوں میں دیئے بھی روشن کیے جانے کا اہتمام کیا گیا، آتش بازی بھی کی جائے گی۔
یوم آزادی

ای پیپر-دی نیشن