• news

چیف جسٹس سے بیرسٹر خاور قریشی کی ملاقات، کلبھوشن کیس پر بریفنگ

اسلام آباد+مری(نوائے وقت نیوز+نامہ نگار خصوصی)چیف جسٹس ثاقب نثار سے بین الاقومی لا اٹارنی جنرل بیرسٹر خاور قریشی نے ملاقات کی جس میں بیرسٹر خاور قریشی بلوچستان سے گرفتار بھارتی جاسوسی کلبھوشن یادیو کے کیس کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پرچیف جسٹس اور بین الاقومی لا اٹارنی جنرل نے باہمی دلچسپی اورعدالتی امورپربھی بات چیت کی۔خیال رہے کہ بیرسٹرخاورکلبھوشن یادیوکے معاملے میں عالمی عدالت میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے ہفتہ کو اچانک ہی بغیر کسی پروٹوکول کے مری کے دورے کے دوران یہاں مال روڈ سمیت بعض دیگر علاقوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر مری میں کی گئی غیرقانونی تعمیرات سمیت ان دنوں جاری لاتعداد غیرقانونی تعمیرات سے متعلق مقامی انتظامیہ سے تفصیلات لیں۔ قبل ازیں وہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں گئے جہاں مریضوں نے ناکافی سہولتوں کی شکایات پر بھی کیں جس پر چیف جسٹس سخت برہم ہو گئے اور اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنے کو کہا۔چیف جسٹس نے کلڈنہ روڈ پر ایک ہوٹل سمیت مال روڈ کی بلند و بالا عمارتوں اور گرین بیلٹ کی جگہ کنکریٹ کے پہاڑ کھڑے کرنے، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جانے والی روڈ سمیت دیگر سڑکوں کے اطراف غیرقانونی پارکنگ پر ناراضی کا اظہار کیا، اچانک دورے پر شہر میں ہلچل مچ گئی، بعدازاں چیف جسٹس سپریم کورٹ لاجز چلے گئے، اس دورہ میں ان کے اہل خانہ بھی ان کے ساتھ تھے۔ اس موقع پر مال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں مقامی لوگوں اور سیاحوں نے چیف جسٹس کے حق میں نعرہ بازی بھی کی جبکہ بڑی تعداد میں لوگ ان کے ساتھ سیلیفاں بھی بناتے رہے۔

چیف جسٹس، ملاقات

ای پیپر-دی نیشن