پاک بحریہ کاریسکیو آپریشن، کراچی ہاربر میں ڈوبنے والی کشتی کے مچھیروں کو بچالیا
اسلام آباد ( آئی این پی ) پاک بحریہ نے کراچی ہاربر میں ڈوبنے والی کشتی ’محمد شاہ بخاری ‘ میں موجود ماہی گیروں کو بچانے کے لیے کامیاب ریسکیو آپریشن کیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی کراچی ہاربر میں داخل ہوتے ہوئے تکنیکی خرابی کے باعث ڈوب گئی تھی۔مشکل کی شکار کشتی کے بارے میں معلومات حاصل ہوتے ہی پاک بحریہ نے فوری طور پر سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا اور ڈوب جانے والے مچھیروں کو تلاش کیا۔ پاک بحریہ کی ہاربر پٹرولنگ بوٹس پر سوار عملہ دیگر کشتیوں کی معاونت سے فوری طور پر ماہی گیروں کو بچانے میں کامیاب رہا۔ پاک بحریہ کی ہاربر پیٹرولنگ بوٹس ایسے کسی بھی مسئلے سے نمٹنے کے لیے 24 گھنٹے ہاربر کی تحفظ پر مامور ہوتی ہیں۔ ملک کی سمندری حدود کے محافظ کے طور پر پاک بحریہ نہ صرف علاقائی حدود بلکہ بحرِ ہند میں بھی محفوظ سمندری ماحول کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت چاق و چوبند رہتی ہے۔