• news

چمن : سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ‘ ایک شہری شہید‘ پندرہ زخمی

کوئٹہ+ چمن (بیورو رپورٹ+ نامہ نگار) چمن میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک شہری شہید جبکہ 4 سکیورٹی اہلکاروں سمیت15افراد زخمی ہوگئے۔ ایس ایچ او چمن سٹی محمد انور نے بتایا چمن کے علاقے مال روڈ پر نامعلوم دہشت گردوں نے موٹرسائیکل میں نصب بم کے ذریعے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا جسکے نتیجے میں ایک شہری کامران ولد عبدالجبار شہید جبکہ ایف سی اہلکاروں سمیت 15افراد محمد ندیم ، محمد رحمن ، شہری سعد اللہ ،عتیق اللہ ، حبیب اللہ ، عبدالقیوم ،احمد علی ، زین اللہ ،نذیر احمد ، احسان اللہ ، عبدالرﺅف ، رحمت اللہ ، اسد اللہ زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا دھماکے سے سکیورٹی فورسز کی گاڑی سمیت 5گاڑیوں ،7موٹرسائیکلوں اور متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں میں آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ انہوں نے بتایا زخمیوں کو فوری طورپر ہسپتال پہنچادیا گیا جبکہ نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی۔ بم ڈسپوزل کے ذرائع کے مطابق ریموٹ کنٹرول بم ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا، دھماکے میں 10کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیکر مال روڈ کو ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا اور مزید تحقیقات شروع کردیں۔ نامہ نگار کے مطابق زخمیوں میں 2بچے بھی شامل ہیں۔ حاجی ندا مارکیٹ کے سامنے زوردار دھماکہ ہوا، دھماکے میں ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور آس پاس کھڑی متعدد گاڑیاں جل گئیں۔ آن لائن کے مطابق دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور ہر طرف دھواں ہی دھواں چھا گیا۔
چمن دھماکہ

ای پیپر-دی نیشن