• news

گجرات: فاروقی خاندان کی 2 بہنیں ایم پی اے، ایک کا تعلق مسلم لیگ ن، دوسری ق لیگ کی صدر

لاہور/ گجرات/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ خصوصی نمائندہ) مسلم لیگ (ن) کے باغی رہنما سید زعیم حسین قادری کی اہلیہ عظمیٰ قادری رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئی ہیں۔ ان کے علاوہ دو لاہوری مسلم لیگی سینئر کارکن راحت افزا اور رخسانہ کوثر بھی مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئی ہیں۔ یونین کونسل 219 کی چیئرپرسن رابعہ فاروقی مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر مخصوص نشستوں پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی ہیں جبکہ ان کی سگی بڑی بہن خدیجہ عمر فاروقی مسلم لیگ ق کی صدر شعبہ خواتین پنجاب مسلم لیگ ق کی ٹکٹ پر ایک مرتبہ پھر پنجاب اسمبلی کی رکن بن گئی ہیں۔ اس طرح دو بہنیں دو مختلف جماعتوں کی طرف سے پنجاب اسمبلی کی رکن ہونگی۔ ایک بہن حکومتی بنچوں پر بیٹھے گی جبکہ دوسری بہن اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے گی۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق گجرات سے تعلق رکھنے والی فاروقی خاندان کی شہانہ فاروقی کی بیٹیاں دو سگی بہنیں پنجاب اسمبلی کی خواتین کی مخصوص سیٹوں پر MPA منتخب ہو گئی ہیں۔ خدیجہ عمر فاروقی کا تعلق مسلم لیگ ق سے جبکہ رابعہ نسیم فاروقی کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے جبکہ شہانہ فاروقی بھی پاکستان مسلم لیگ کی طرف سے مخصوص سیٹ پر ایم پی اے رہ چکی تھیں۔ خدیجہ فاروقی نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 2001 کے بلدیاتی الیکشن میں گجرات شہر کی یونین کونسل نمبر 45موجودہ 8-7 لیڈی کونسلر منتخب ہو کر کیا۔ پھر 2003-2008 اور 2013 کے الیکشن میں مسلم لیگ ق کی طرف سے خواتین کی مخصوص نشست پر ایم پی اے رہ چکی ہیں اور اب چوتھی مرتبہ ایم پی اے منتخب ہوئی ہیں۔ رابعہ نسیم فاروقی نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 2005 کے بلدیاتی انتخابات میں گجرات سٹی کی یونین کونسل 45 موجودہ 8-7 سے گجرات کی پہلی خاتون ناظم منتخب ہو کر کیا۔ رابعہ فاروقی کے سسرالی خاندان کا تعلق مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے میاں احسان کا تعلق نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ رحیم یار خان سے بیورو رپورٹ کے مطابق رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والی ایک ہی خاندان کی 3 خواتین، مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن کی طرف سے ایم این ایز جبکہ ایک ایم پی اے منتخب ہو گئیں۔ سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی چوہدری جعفر اقبال کی بیٹی زیب جعفر اور بھتیجی مائزہ حمید ن لیگ کے پلیٹ فارم سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر ایم این ایز جبکہ ان کی اہلیہ بیگم عشرت اشرف ایم پی اے منتخب ہوئیں۔ زیب جعفر اور مائزہ حمید پچھلی قومی اسمبلی میں بھی ن لیگ کے پلیٹ فارم سے ہی ایم این اے منتخب ہوئی تھیں۔ اسلام آباد سے خصوصی نمائندہ کے مطابق خاندانی سیاست ملک میں زیادہ طاقتور ہونے لگی۔ عام انتخابات کے بعد پندرہویں اسمبلی میں ایک ہی خاندان کے کئی افراد عام انتخابات میں منتخب ہو کر قومی اسمبلی میں پہنچ گئے۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور ان کی اہلیہ مسرت آصف خواجہ اور بھتیجی شازہ فاطمہ خواجہ بھی قومی اسمبلی کی رکن بن گئی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر لاہور سے پرویز ملک اور ان کے فرزند علی پرویز جبکہ خصوصی نشستوں پر شائستہ پرویز ملک بھی قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔ اسی طرح مسلم لیگ (ن) میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر طاہرہ اورنگزیب اور ان کی صاحبزادی و سابق وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی شامل ہیں۔ سابق وزیر خارجہ و وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی اور ان کے فرزند زین قریشی بھی نئی قومی اسمبلی میں موجود ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے فرزند حمزہ شہباز بھی قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے تاہم حمزہ شہباز شریف پنجاب اسمبلی میں چلے گئے ہیں۔ مظفر گڑھ سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن رضا ربانی کھر کی ہمشیرہ حنا ربانی کھر خواتین کی مخصوص نشستوں پر قومی اسمبلی میں ان کے ساتھ موجود ہوں گی۔ سابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک اور ان کی بھابھی نفیسہ عنایت خٹک کے علاوہ بھتیجا عمران خٹک بھی قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔
خاندانی سیاست

ای پیپر-دی نیشن