• news

ترین، علیم کی چودھری برادران سے ملاقات، حکومت سازی پر تبادلہ خیال

لاہور (خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) پنجاب میں وزیر اعلیٰ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین اور علیم خان گزشتہ روز چودھری برادران کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی اور چودھری مونس الٰہی سے حکومت سازی پر باہمی مشاورت بھی کی۔ معلوم ہوا ہے کہ دونوں جماعتوں کے رہنماﺅں نے 14 اگست کو پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے پراتفاق کیا اور یہ طے پایا کہ وزیراعلی، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخابات میں واضح کامیابی کے لئے ارکان پنجاب اسمبلی سے رابطے کئے جائیں۔ پنجاب اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لئے حکمران اتحاد اپنی گنتی سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں پرعزم ہے۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے مرکزی قائدین کے درمیان ہونے والے مذاکراتی عمل کے بعد اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر انتخاب میں اتحاد کے امیدور واضح مارجن سے جیتنے میں کامیاب ہوجائیں گے اور اپوزیشن کے بنچز سے بھی ووٹ ملیں گے۔ جہانگیر خان ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہے کہ پنجاب میںتحریک انصاف کو نمایاں برتری حاصل ہے ، پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لائیںگے، کوشش ہوگی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کریںگے ، حکومت میں آکر شریف خاندان کے کارنامے بے نقاب کریںگے ،شہبازشریف غلط پالیسیوں کی وجہ سے ڈلیور نہیں کرسکے، شریف خاندان نے اداروں کو کھوکھلا کردیا ، ہم اداروں کو کمزور نہیں مضبوط کرینگے، پنجاب میں تاریخی کام کرکے دکھائیںگے ، جو منصوبے عوام کے لیے بہتر ہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرینگے، ہم پولیس اور دیگر اداروں میں ریفارمز لے کر آئیں گے، شہباز شریف نے پنجاب کے اداروں کو ناکارہ کردیا ،ہر ادارے کا شفاف طریقے سے آڈٹ ہوگا ، شہباز شریف پر 56 کمپنیوں کے حوالے سے کیس نیب میں چل رہا ہے۔ ق لیگ اور پی ٹی آئی مل کر کام کرینگے، پنجاب میں ایسی حکمرانی دینگے جو تاریخ میں نہیں ملتی، پنجاب میں سکولوں سپتالوں کے امور بہتر بنائیں گے، اداروں کو مضبوط کرینگے، شریفوں کی وفاق اور پنجاب میں چیزوں کو بے نقاب کرینگے، اگر ہم سے کوئی غلطی ہوئی تو وہ بھی عوام سے نہیں چھپائیں گے۔ جہانگیر ترین نے کہاکہ شہباز شریف نے دس سالوں میں پنجاب کا بیڑہ غرق کیا ہے۔ جہانگیر ترین نے کہاکہ اسپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے ن لیگ کے بہت سے ارکان رابطے میں ہیں ، وزیر اعلی پنجاب کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا اس کا فیصلہ چیئرمین عمران خان نے کرنا ہے ، شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کو جان بوجھ کے نہیں بنایا،عمران خان ملٹری سیکرٹری کے گھر پی ایم سٹاف کالونی میں رہیں گے۔
ترین

ای پیپر-دی نیشن