ایک سابق صدر، وزیراعظم، سپیکرز، وزیراعلیٰ بھی رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھائیں گے زرداری کیلئے نشست کی تلاش
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کی رکنیت کا آج ایک سابق صدر، وزیراعظم، سپیکرز، وزراءاعلیٰ بھی حلف اٹھائیں گے۔ ان میں سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سپیکر سردار ایازصادق، سپیکر اسد قیصر، سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف، سابق وزیراعلی پرویز خٹک اور سابقہ سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، فخر امام شامل ہیں۔ اس طرح متعدد سابق وزراءبھی حلف اٹھائیں گے۔ طویل عرصے کے بعد قوم پرست رہنما سردار اختر مینگل، شاہ زین بگٹی بھی قومی اسمبلی کے اراکین منتخب ہوئے ہیں اور حلف اٹھائیں گے۔ سردار اختر مینگل بلوچستان کے وزیراعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔ چار قومی رہنما اسفند یار ولی خان، محمود خان اچکزئی، مولانا فضل الرحمان، ڈاکٹر فاروق ستار پارلیمنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ سابق صدر سردار فاروق احمد لغاری مرحوم کے بعد سابق صدور میں آصف علی زرداری قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں، آج حلف اٹھائیں گے۔ سردار فاروق لغاری مرحوم سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے دور میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ آصف علی زرداری دوسرے صدر مملکت ہوں گے جو رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ پارلیمانی قائدےن کی نامزدگیوں کے بعد قومی اسمبلی میں سابق صدر آصف علی زرداری کیلئے نشست کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری اگر پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر نہ ہوئے تو انہیں پارلیمانی رہنماﺅں کی قطار میں نشست نہیں دی جائے گی اس پہلی قطار میں اپوزیشن لیڈر کے علاوہ پارلیمانی رہنماﺅں کے ساتھ سابق سپیکرز براجمان ہوں گے۔ پارلیمانی رہنما نہ ہونے پر آصف علی زرداری کو کسی اور جگہ پر نشست دی جائے گی۔
نشست کی تلاش