• news

گوجرانوالہ: زیرتعمیر فیکٹری مسمار ہونے پر صدمے سے مالک دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)چڑیا گھر کی اراضی وا گزار کروانے کیلئے ہونیوالے آپریشن کے دوران زیر تعمیر جگہ مسمار ہونے پر فیکٹری مالک دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا جبکہ چھت کا سایہ چھن جانے سے کسمپرسی کی زندگی گزار نے والی 3 خواتین بھی تشو یشناک حالت کے باعث ہسپتال پہنچ گئیں۔ 4اگست کو میونسپل کارپوریشن نے چڑیا گھر کی 247 میں سے 116کنال اراضی کو واگزار کے لیے غیر قانونی تعمیر ات کو آپریشن کر کے مسمار کرنا شروع کر دیا تھا۔ اس دوران فیروز والہ روڈ پر واقع شیخ ناصر کی دھاگہ بنانیوالی فیکٹری کو مسمار کیا جا رہا تھا تو فیکٹری مالک کو دلبرداشتہ ہو کر دل کا دورہ پڑ گیا جسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں 8روز تک زیر علاج رہنے کے بعد گزشتہ روز ہمیشہ کیلئے موت کی نیند سو گیا۔ اسی طرح محلہ شمس آباد میں بھی ہیوی مشینری کی مدد سے مکانات مسمار ہونے پر 3 خواتین صغراں بی بی ،ایمنہ بی بی اور بشیراں بی بی کی بھی چھت کا سایہ چھن جانے کے باعث اچانک حالت غیر ہو گئی تھی۔ تینوں خواتین کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔ دوسری جانب ہائیکورٹ سے حکم امتناعی ملنے کی وجہ سے تاحال آپریشن تو رکا ہوا ہے مگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہونیوالے اس آپریشن سے دلبرداشتہ ایک انسانی جان موت کی وادی میں چلی گئی ہے ادھر سرکاری اراضی پر جن افراد نے فیکٹریاں اور مکان تعمیر کر رکھے ہیں وہ آپریشن کیخلاف سراپا احتجاج ہیں ان کا کہنا ہے کہ انکے پاس جگہوں کی رجسٹریاں موجود ہیں ان کا کیا قصور ہے۔ انہوں نے پیسے دیکر جگہ خریدی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن