لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش، موسم خوشگوار ہو گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں اتوار کے روز ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، کشمیر اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پنجاب : لاہور (ائرپورٹ)11، سیالکوٹ (کینٹ03)، اسلام آباد (سید پور)، مری 01، کشمیر: کوٹلی میں 07 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، پشاور،کوہاٹ، بنوں، مردان، ڈی آئی خان، ژوب، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں رات اور صبح سویرے بوندا باندی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مزید بوندا باندی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے وقفے وقفے سے ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آ ئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی آبرآلود رہنے کا امکان اور شہر میں دن بھر بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔ کراچی میں اس وقت درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 80فیصد ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلودرہے گا۔