دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر‘ پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے ملازمین نے فنڈ میں 8 کروڑ عطیہ دیدیا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے ملازمین نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کے قائم کردہ فنڈ میں آٹھ کروڑ روپے کا عطیہ دیا ہے۔ کمیشن کے پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ کم گریڈز کے ملازمین نے ایک دن، جونیئر کے افسران نے دو دن اور اعلیٰ حکام نے تین دن کی تنخواہ کا عطیہ کیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایٹمی توانائی کمیشن واحد ادارہ ہے جس کے افسران نے تین روز کی تنخواہ عطیہ کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایٹمی توانائی کمیشن کے ملازمین ملک میں پانی کی قلت کے مسئلہ اور اس سے پیدا شدہ صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں اور ملک میں نئی آبی ذخیرہ گاہیں تعمیر کرنے کے فیصلوں کی حمایت کرتے ہیں۔