شام اسلحہ ڈپو میں دھماکہ، 12بچوں سمیت 39شہری جاں بحق
دمشق (نوائے وقت رپورٹ + اے ایف پی) مانیٹرنگ گروپ کے مطابق شام کے صوبے ادلب کے اسلحہ گودام میں دھماکہ سے12 بچوں سمیت 39 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ اسلحہ گودام رہائشی عمارت میں بنایا گیا تھا۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ اے ایف پی کے نمائندہ کے مطابق ترک سرحد کے قریب باغیوں کے زیر قبضہ علاقہ میں 2 عمارتیں صوبہ ادلب کے سرمادہ علاقے میں دھماکوں سے تباہ ہوگئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے بلڈوزر کی مدد سے ملبہ ہٹایا۔ زخمیوں اور نعشوں کو نکال لیا۔ سیرین آبزرویٹری کے ترجمان رامی عبدالرحمن نے کہا جاں بحق ہونے والوں میں 12 بچے شامل ہیں۔ اسلحہ ڈپو رہائشی عمارت میں بنایا گیا تھا۔ دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ مرنے والوں میں خواتین بھی شامل، اکثر خاندانوں کا تعلق حیات التحر یر الشام جنگجو گروپ سے تھا۔ ملبے سے 5 افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔ ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔