عمران اسماعیل جھوٹوں کے سردار‘ اسی خوبی نے گورنر نامزد کرایا: سعید غنی
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور نومنتخب رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران اسماعیل جھوٹوں کے سردار ہیں اور یہی خوبی دیکھ کر عمران نیازی نے انہیں سندھ کے گورنر کے کیلئے نامزد کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ عمران نیازی ایم کیو ایم کے زیر سایہ سندھ کو مسخر کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران اسماعیل کراچی کی فکر چھوڑ کر پی ٹی آئی کا گند صاف کریں‘ بیانیہ ایم کیو ایم کا اور زبان پی ٹی آئی کی ہے‘ پولیس کو غیرسیاسی کرنے کے اعلان سے پہلے عمران اسماعیل یاد رکھیں گورنر شپ بھی ایک غیر سیاسی عہدہ ہے۔ پیپلز پارٹی کراچی کے صدر نے کہا کہ میئر کراچی کیلئے نہیں عمران اسماعیل اپنے دوست وسیم اختر کیلئے آمرانہ اختیارات مانگ رہے ہیں‘ ایم کیو ایم نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنایا صفائی کے عمل میں رکاوٹیں ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں صفائی کیلئے سالڈ ویسٹ کا نظام بنایا اور ایم کیو ایم کی بلدیاتی کونسلز نے صفائی کے نظام کی منظوری نہیں دی۔ سعید غنی نے کہاکہ کراچی کے ڈپٹی میئر نے کہا ہے کہ وسیم اختر نے کراچی کا کچرا صاف نہیں ہونے دیا۔