ایشین گیمز: قومی کھلاڑیوں کے انڈونیشیا میں ڈیرے‘ پریکٹس شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر) 18 ویں ایشین گیمز کیلئے پاکستانی دستے نے انڈونیشیا میں ڈیرے ڈال لئے ہیں، قومی فٹبال‘ہاکی اور والی بال کی ٹیمیں ایتھلیٹ ولیج پہنچ گئیں ۔قومی دستہ 256 کھلاڑیوں پرمشتمل ہے جن میں 216 مرد اور 40 خواتین پلیئرزشامل ہیں، مردوں میں پاکستانی کھلاڑی 35 ایونٹس میں ایکشن میں نظرآئیں گے جن میں اتھلیٹکس، آرچری، ہاکی، فٹبال، باکسنگ، بیڈمنٹن، کراٹے ، سوئمنگ، سکواش، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، والی بال، ہینڈ بال، بیس بال،گالف، جوڈو، جوجسٹو،کبڈی، رگبی، سیلنگ، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ، فینسنگ، جمناسٹک، قراش، پنچک سیلاٹ‘ ووشو، برج، روئنگ، شوٹنگ، سیپک ٹاکرا ،سپورٹس کلائمنگ،سافٹ ٹینس اورپیراگلائیڈنگ شامل ہیں جبکہ قومی خواتین پلیئرز 15 مقابلوں میں حصّہ لیں گی جن میں آرچری، ایھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، کراٹے، روئنگ، شوٹنگ، سکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، ووشو، برج اورسافٹ ٹینس شامل ہیں۔قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے گزشتہ روز سے پریکٹس شروع کردی ہے ۔ واضح رہے کہ 18ایشین گیمز انڈونیشیا کے دو شہروں جکارتہ اور پلمبنگ میں 18 اگست تا 2 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، ان گیمزمیں 45 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے جن میں پاکستان 35 کھیلوں میں حصّہ لے گا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز میں کسی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا، ایشین گیمز جیت کر نہ صرف اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرینگے۔ انڈونیشیا سے اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں اولمپک اور ورلڈ چیمپئن کو اگر ٹف ٹائم دے سکتے ہیں تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہغ پاکستان ٹیم ایشین گیمز نہ جیت سکے۔ کسی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا ہے۔ دنیا میں ہاکی کھیلنے والے ممالک کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ ملائیشیا، ساوتھ کوریا اچھی ٹیمیں ہیں۔ جاپان کی ٹیم بھی گذشتہ چار سال سے اچھی تیاری کر رہا ہے۔ بھارتی ٹیم کے ساتھ ہمارا اچھا مقابلہ دیکھ رہا ہوں۔