سری لنکا نے پانچواں ون ڈے میچ جیت لیا‘ سیریز جنوبی افریقہ کے نام
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں میزبان لنکن ٹیم نے پروٹیز الیون کو 178رنز سے شکست دیدی۔سری لنکا کے اکیلا دننجایا کو بہترین بائولنگ پر مین آف دی میچ قراردیا گیاجبکہ مین آف دی سیریز جین پال ڈومینی رہے ، تاہم سیریز 2-3سے جنوبی افریقہ کے نام رہی۔کولمبو میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کے300رنز کے تعاقب میں افریقی الیون25ویں اوور میں 121رنز پر ڈھیر ہوگئی، سب سے زیادہ54 رنز قائم مقام پروٹیز کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے بنائے جبکہ اکیلا دننجایا نے 29رنز کے عوض 6 شکار کیے۔لنکن ٹیم نے پروٹیز ٹیم کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان اینجلو میتھیوز کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت لنکن ٹیم نے 8 وکٹ پر299رنزبنائے۔اینجلو میتھیوز 97رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ سری لنکا کو سیریز کے ابتدائی 3 میچوں میں شکست کیساتھ سیریز سے بھی ہاتھ دھونا پڑا تھا ۔جنوبی افریقہ کو رنز کے اعتبار سے تیسری بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، 2002ء میں پاکستان کے ہاتھوں 182 رنز سے شکست ہوئی، دوسری بدترین شکست 2013ء میں ہوئی جبکہ سری لنکا نے 180 رنز سے ہرایا۔دونوں ٹیموں کے درمیان واحدٹی 20 میچ 14اگست کو شام ساڑھے 6 بجے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔