• news

مسلم لیگ (ن) نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ، اقبال گجر کو امیدوار سپیکر پنجاب اسمبلی نامزد کردیا

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی پارلیمانی کمیٹی نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب اور سینئر پارلیمنٹرین چودھری محمد اقبال گجر کو سپیکر کے عہدے کیلئے نامزد کردیا ہے۔ ڈپٹی سپیکر کیلئے پیپلز پارٹی کو امیدوار دینے پر غور کیا گیا ہے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں الیکشن کی حکمت عملی کے ساتھ ساتھ دھاندلی کیخلاف آواز اٹھانے کے بارے میں حکمت عملی بھی طے کی گئی۔ پارلیمانی اجلاس سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ ماضی میں جیلیں کاٹی لیکن صبر کا دامن کبھی ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ وہ پارلیمانی پارٹی کے اراکین کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ان پر ایک بار پھر اعتماد کیا اور انہیں پارلیمانی لیڈر اور وزیراعلیٰ کے طور پر نامزد کیا۔ پنجاب میں ڈٹ کر اپوزیشن کریں گے اور تنقید برائے اصلاح ہو گی۔ڈپٹی سپیکر کے امیدوار کا فیصلہ بھی ایک دو روز میں ہو جائے گا۔ پنجاب میں مسلم لیگ ن اکثریتی جماعت ہے۔ ایک نااہل شخص نے آزاد امیدواروں کی منڈی لگائی۔ عمران خان کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے جس چودھری پرویزالٰہی کو عمران خان ڈاکو گردانتے تھے اب ان کو ہی سپیکر بنا رہے ہیں۔ نوازشریف ہمیں پنجاب میں حکومت بنانے سے نہیں روکا۔ نوازشریف نے ہمیں آزاد ارکان کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے سے منع کیا۔ سینٹ الیکشن کے موقع پر بھی ارکان کی خریدوفروخت ہوئی۔ پنجاب میں حکومت بنانا ہمارا حق ہے امید ہے صوبے میں پی پی ہمیں سپورٹ کرے گی ہم وزیراعلیٰ کا انتخاب بھرپور طریقے سے لڑیں گے۔ پرویزالٰہی، جہانگیر ترین خود کہہ رہے ہیں ان کا مسلم لیگ ن کے لوگوں سے رابطہ ہے۔ان کا کوئی اصول نہیں ان کی صرف اقتدار تک پہنچنے کی جدوجہد تھی اس جدوجہد میں پی ٹی آئی نے ہر کام کیا جو جمہوری نہیں۔


حمزہ/ نامزد

ای پیپر-دی نیشن