• news

عمران خان کی طرح سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، سنگاکارا

ملتان (سپورٹس ڈیسک)سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے مقامی میڈیا کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں آکر عمران خان بننے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے میڈیا میں ان کا موازنہ عمران خان سے کیا جارہا تھا جو پاکستان کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت کے نامزد وزیراعظم ہیں تاہم سنگاکارا نے اپنے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی ہے۔سنگاکارا نے ایک بیان میں کہا کہ ‘میں تمام افواہوں اور قیاس آرائی کو مسترد کرتا ہوں اور تصدیق کرتا ہوں کہ سیاسی عہدہ رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے’۔کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد ٹی ٹوئنٹی لیگز میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے والے سنگاکارا نے کہا کہ ‘میں نے کبھی ایسا نہیں سوچا اور میں کہہ سکتا ہوں کہ ایسا کبھی نہیں ہوگا’۔خیال رہے کہ سری لنکا میں اگلے سال صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں تاہم حکومتی اور اپوزیشن دونوں جماعتوں نے اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔سری لنکا کو 1996 میں کرکٹ کا ورلڈ چمپیئن بنوانے والے سابق کپتان ارجنا راناٹنگا موجودہ حکومت میں وزیر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن