ویزا لگ چکا، 18 اگست کو پاکستان آرہا ہوں: سدھو عمران کی تقریب حلف برداری میں سنیل گواسکر کی عدم شرکت پر بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈہ
نئی دہلی (صباح نیوز) بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کے قریبی ساتھی سینیٹر فیصل جاوید کو ٹیلیفون کیا اور کہا کہ میرا ویزا لگ چکا ہے۔ 18 اگست کو پاکستان آرہا ہوں۔ پاکستان جانے کیلئے بہت زیادہ پرجوش ہوں، عزت دینے پر شکرگزار ہوں۔ سدھو گزشتہ روز پاکستانی ہائی کمشن پہنچے جہاں انہیں ویزا جاری کردیا گیا۔ دوسری طرف عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں سنیل گواسکر کی شرکت کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے منفی پروپیگنڈا شروع کردیا، کہا کہ سنیل کے لیے دوست سے زیادہ دیس اہم ہے، جواب میں بھارتی صحافیوں نے بھی میڈیا کو لتاڑ دیا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سنیل گواسکر بھارت کو مقدم رکھتے ہیں اس لیے انہوں نے عمران خان کا دعوت نامہ مسترد کردیا ہے۔اس انوکھی منطق کے جواب میں بھارتی اینکر راجدیپ سردیسائی نے ٹوئٹ کیا کہ سنیل گواسکر نے انہیں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ انگلینڈ میں کمنٹری کر رہے ہوں گے اس لیے تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے، اس بات کا دیش سے کوئی تعلق نہیں۔اسی طرح برکھا دت نے بھی منفی پروپیگنڈے پر بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ایسی باتوں پر میڈیا کو شرم آنی چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پھر تو ساری بھارتی ٹیم غدار ہوئی جس نے عمران خان کے لیے بیٹ سائن کیا ہے۔