گورنر سندھ کیلئے پی ٹی آئی امیدوار عمران اسماعیل مقدمہ میں نامزد نکلے
ملتان (خبر نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے صوبہ سندھ کے لئے نامزد گورنر عمران اسماعیل ملتان پولیس کے مقدمہ میں نامزد ملزم نکلے۔ عمران اسماعیل کے خلاف تھانہ ممتاز آباد میں 40 لاکھ روپے کے چیک ڈس آنر ہونے کا مقدمہ نمبر 1051/10 درج ہوا۔ دوسرا تھانہ قائم ہونے پر ایف آئی آر تھانہ شاہ شمس کو سونپی گئی ایف آئی آر کے مطابق عمران اسماعیل کیلی فورنیا نیچرل پروڈکٹس نامی ایک کمپنی کے ڈائریکٹر تھے۔ اس کمپنی نے ملتان کے تاجر جمیل اختر سے ٹیٹرا پیک چوس اور دودھ کی ڈسٹری بیوشن کے لئے چالیس لاکھ روپے وصول کئے۔ ڈسری بیوشن نہ دینے پر بیس بیس لاکھ روپے کے دو چیک دیئے جن پر عمران اسماعیل اور ندیم حسنین نامی شخص کے دستخط ہیں۔ دونوں چیک ڈس آنر ہو گئے جس پر مذکورہ تاجر نے مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس تفتیش میں عمران اسماعیل اور ان کے ساتھی ندیم حسنین کو عدم پتہ قرار دے چکی ہے۔