خیبر پی کے اسمبلی، نامزد وزیراعلیٰ محمود خان نے کابینہ کے انتخاب کیلئے مشاورت شروع کردی
پشاور(بیورورپورٹ)خیبر پی کے اسمبلی میں تحریک انصاف کے نومنتخب ارکان کی جانب سے حلف اٹھانے کے بعد نامزد وزیر اعلیٰ محمود خان نے اپنی کابینہ کیلئے وزراء کے انتخاب کیلئے پارٹی کی مرکزی قیادت کے ساتھ مشاور ت شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق خیبر پی کے میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے بعد صوبہ میں حکومت سازی کیلئے تحریک انصاف کے اندر وزیراعلیٰ کے عہدے پر اختلافات کے بعد مختلف محکموں کی وزارتوں پر بھی ممبران اسمبلی کے مابین اختلافات کی وجہ سے پارٹی قیادت نے تاحال وزارتوں کا اعلان نہیں کیا۔خیبر پی کے کابینہ میں متوقع وزراء میں عاطف خان ،شہرام خان ترکئی،شاہ فرمان ، تیمور سلیم جھگڑا، میاں جمشید الدین ،شاہ محمد ،ضیاء اللہ بنگش ،ڈاکٹر امجد کے نام زیرغور ہیںذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کیلئے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار محمود خان اور پارٹی کی مرکزی قیادت کے درمیان تمام مشاور ت مکمل ہوچکی ۔دو دن میں تمام کابینہ کا اعلان کردیا جائیگا ۔