• news

بلاول ہائوس کی دیواریں گرا دونگا: عمران اسماعیل، وائسرائے نہیں بن رہے: چانڈیو

اسلام آباد / کراچی (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) عمران اسماعیل نے گورنر بنتے ہی بلاول ہائوس کی دیواریں گرانے کا اعلان کیا۔ عمران اسماعیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا بلاول ہائوس کی حفاظتی دیواروں سے اردگرد کی سڑکیں رکی ہوئی ہیں۔ دیواریں گرانے کیلئے پیپلز پارٹی سے بات کروں گا۔ دیواریں گرانا میرے ایجنڈے میں ہے۔ سندھ حکومت نہ مانی تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے وفاقی حکومت فوری اقدام کرے گی۔ ایم کیو ایم بھی کراچی کی سٹیک ہولڈر ہے امید ہے ایم کیو ایم بھی ہمارے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ ن سے کوئی مفاہمت نہیں ہورہی۔ مراد علی شاہ کو وفاق اور سندھ کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ سندھ اسمبلی میں صوبائی حکومت کے اقدامات کی بھرپور مخالفت کریں گے۔ پولیس ریفارمز کیلئے حکومت سندھ کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کو تنبیہ کی ہے کہ وہ گورنر سندھ بننے جا رہے ہیں، وائسرائے نہیں۔ بلاول ہائوس جمہوریت پسندوں کی سیاست کا مرکز ہے۔ اس کے خلاف کوئی بات کرنے سے پہلے عمران اسماعیل اپنی سیاسی اوقات مدنظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ موصوف نے ابھی گورنر سندھ کا حلف نہیں لیا ابھی سے بغض اور نفرت ظاہر کرنا شروع کر دی۔ ہمیں پتہ ہے کہ عمران اسماعیل اپنے آقائوں کو خوش کرنے کے لئے ایسی باتیں کر رہے ہیں مگر ا نہیں یاد رکھنا چاہیے کہ آمر اور اس کی باقیات اپنی حسرت دل میں لئے ہوئے چلے گئے، کٹھ پتلی کیا چیز ہیں۔ ہم سیاسی قوتوں میں تصادم کا ایجنڈا پورے ہونے دیں نہ جمہوریت کو نقصان ہونے دیں گے۔ پی ٹی آئی کی قیادت نامزد گورنر کے غیرذمہ دارانہ بیان کا نوٹس لے کر انہیں لگام دیں۔ گورنر صرف ایک شہر کا نہیں پورے صوبے کا ہوتا ہے اسے ذمے داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ صباح نیوز کے مطابقپیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہاہے کہ یہ بات حیرت انگیز ہے کہ جو شخص گورنربننے جارہا ہے وہ کتنی غیر ذمہ دارانہ باتیں کررہا ہے۔ عمران اسماعیل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا بلاول ہائوس کے سامنے دونوں سڑکیں کھلی ہوئی ہیں اور ان پر کوئی رکاوٹ نہیں، نہ عوام کے لیے کوئی سڑک بند کی۔بلاول ہائوس سابق وزیراعظم اور بہت بڑی پارٹی کے لیڈر کا گھر ہے، بلاول بھٹو کوخطرات لاحق ہیں، شہنشاہ بن کر آنے والے سوچ رہے ہیں کہ جو چاہیں گے کرلیں گے انہیں ابھی قانون و اختیارات کا علم نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور سابق وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بلاول ہائوس کراچی کے باہر د یواریں عدالتی حکم پر تعمیر کی گئی ہیں۔ عمران اسماعیل وائسرائے بننے کی کوشش نہ کریں۔ عمران اسماعیل گورنر سندھ بننے جا رہے ہیں گورنر جنرل نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن