• news

نیلم جہلم پراجیکٹ کے چوتھے اور آخری یونٹ کو بھی نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا

لاہور(نیوزرپورٹر) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے چوتھے اور آخری یونٹ کو کامیابی سے نیشنل گرڈ سے منسلک کردیا گیا ہے۔ مذکورہ یونٹ نے آزمائشی بنیاد پر بجلی کی پیداوار شروع کردی ہے جو نیشنل گرڈ کو مہیا کی جارہی ہے۔ ٹیسٹ رَن کے دوران اِس یونٹ کو 242میگاواٹ تک مختلف لوڈ پر چلایا جائے گا۔اس پیش رفت کے ساتھ ہی نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے چاروں یونٹ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوچکے ہیں اور توقع ہے کہ اگلے ایک دو روز میں منصوبہ اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 969 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تین یونٹ اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 726میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔ منصوبہ اپنے افتتاح سے اب تک نیشنل گرڈ کو تقریباً 90کروڑ یونٹ بجلی مہیا کرچکا ہے۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ آزاد کشمیر میں مظفر آباد کے نواحی علاقے میں تعمیر کیا گیا ہے۔ منصوبے کے چار پیداواری یونٹ ہیں اور ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 242 عشاریہ 25میگاو اٹ ہے۔ نیلم جہلم پراجیکٹ سے ہر سال نیشنل گرڈ کو اوسطاً پانچ ارب یونٹ بجلی فراہم ہوگی۔ منصوبے سے سالانہ تقریباً 55 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن