تحریک پاکستان کے ہیروز کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے: نگران وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور(خبر نگار) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے افکار اور تعلیمات پر عمل کرنا وقت کا تقاضا ہے- بانیان پاکستان نے آزاد وطن کے خواب کو عظیم جدوجہد کے تحت حقیقت کا روپ دیا اور ہم بحیثیت قوم تحریک پاکستان کے عظیم ہیروز کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ آج ہم انہی بے مثال قربانیوں کے باعث آزادوطن میں سانس لے رہے ہیں- نگران وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار بلدیہ عظمیٰ لاہور کے زیر انتظام حضوری باغ میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا- تقریب میں نگران صوبائی وزرائ، لارڈ میئر لاہورکرنل مبشر جاوید، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چین، ترکی اور ایران کے قونصل جنرل، سیکرٹریز، ممتاز شخصیات اورطلبا وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ مجھے آج یوم آزادی کی اس خوبصورت تقریب میں آکر بے حد خوشی ہوئی ہے، تقریب میں موجود بچوں خصوصاً خصوصی بچوں نے ملی جذبے کے ساتھ نغمے پیش کئے جس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کامستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، ہم اپنے نوجوانوں کو جتنا بااختیار بنائیں گے پاکستان اتنی ہی تیزی سے آگے بڑھے گا- انہوں نے کہاکہ پاکستان عظیم جدوجہد کے باعث معرض وجود میں آیا اور علامہ اقبال وہ شخصیت تھے جنہوں نے دسمبر1930میں تصور پاکستان کو بڑے واضح انداز میں پیش کیا،اسی طرح علامہ اقبال نے 1936اور 1937میں قائد اعظم محمد علی جناح کو خطوط لکھے جس میں مسلمانوں کے علیحدہ وطن کے تصور کو پیش کیا اوراس کے ساتھ اقبال نے مردمومن او رخودی کا تصور بھی دیا- انہوں نے کہاکہ تحریک پاکستان کی جدوجہد میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو آج خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے اورہم نے اپنے ہیروز کی قربانیوں کو بھولنا نہیں بلکہ ان قربانیوں کو یاد رکھنا ہے۔ آج ہمیں یہ بھی دیکھنا ہے کہ ہم نے پاکستان کے لئے کیا کیا ہے؟ ہم نے پاکستان کو لوٹانا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ تعمیر پاکستان کی جدوجہد کو کامیاب بنانے کے لئے متحد ہو کر کام کرنا ہوگااور خوشحال پاکستان کا خواب تب ہی پورا ہوگا جب ہم مل کر پاکستان کا مستقبل سنواریں گے۔ دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری نے یوم آزادی کے موقع پر شاہی قلعہ کے تاریخی عالمگیری گیٹ پر پرچم کشائی کی۔ پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا اور خصوصی دعا کی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ نے علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ نگران وزیراعلیٰ نے مزار اقبال پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ نگران وزیراعلی نے سکائوٹس، سکولوں کے طلبا و طالبات اور خصوصی بچوں کے ساتھ مل کر ملی نغمے گائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا آزادی کی نعمت کا حصول عظیم قربانیوں کے بغیر ممکن نہیں ہوا کرتا۔ آپ اور مجھ سمیت ہر پاکستانی کو احساس ہے کہ ہم آج جس آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ وہ ہمارے بزرگوں کی شہادتوں، جان و مال کی قربانیوں اور جذبۂ حریت کی مرہونِ منت ہے۔ 14اگست 1947ء کو قائم ہونے والا ہمارا وطن پاکستان ایک دن میں دنیا کے نقشے پر نہیں اُبھرا تھا بلکہ مسلم قائدین اور برصغیر ہندوستان کے محکوم مسلمانوں کی برسہا برس کی کاوشوں اور قائداعظم محمد علی جناح کی فہم و فراست، علم و دانش اور مدبرانہ قیادت کی وجہ سے معرض وجود میں آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری رضوی اور تمام شرکاء کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں اوریوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔