• news

ذمہ دار شہری بننے کے لئے قائد کے منشور ایمان‘ اتحاد‘ تنظیم پر عمل کرنا چاہئے: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں 71 ویں یوم آزادی کے حوالے سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس محمد یاور علی نے جسٹس محمد انوارالحق اور دیگر جج صاحبان کے ساتھ پرچم کشائی کی۔ چیف جسٹس نے پولیس کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے دیئے گئے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ چیف جسٹس محمد یاور علی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک عظیم انسان تھے، ان کا دیا گیا منشور ایمان، اتحاد اور تنظیم محض الفاظ نہیں ہیں بلکہ ایک ذمہ دار شہری بننے کیلئے ہمیں اس منشور پر عمل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان اتحاد، بھائی چارہ اور پیار ہونا چاہئے۔ ہمیں قائداعظم کے ویژن کی تکمیل کیلئے کوئی بھی قربانی دینے سے گریز نہیں کرنا۔ ہمیں یہ نہیں سوچنا کہ اس ملک نے ہمیں کیا دیا ہے بلکہ یہ سوچنا ہے کہ ہم نے اس وطن کو کیا دیا ہے اور کیا دے سکتے ہیں۔ چیف جسٹس نے حاضرین کو پاکستان کی سالگرہ کی مبارکباد بھی پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن