• news

متوقع وزیراعظم عمران خان ملٹری سیکرٹری کیلئے مختص بنگلے میں رہیں گے

اسلام آباد (ابرار سعید، نیشن رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے متوقع وزیراعظم بننے کے پیش نظر ان کیلئے منتخب ہونے کے بعد رہائش کے حوالے سے فیصلہ ایک مرتبہ پھر تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب متوقع وزیراعظم عمران خان کی رہائش کیلئے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری کیلئے مختص بنگلے کا انتخاب کیا گیا ہے۔ عمران خان نے پی ٹی آئی کی جیت پر اعلان کیا تھا کہ قوم کا پیسہ بچانے کیلئے وہ وزیراعظم ہاؤس میں رہائش نہیں رکھیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو وزیراعظم کیلئے متبادل رہائش گاہ تلاش کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ جس پر یہ طے کیا گیا تھا کہ عمرن خان منسٹر انکلیو میں سپیکر قومی اسمبلی کی رہائش گاہ میں رہیں گے لیکن سیاسی جماعتوں کے اعتراض کے بعد پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا تھا کہ آئندہ وزیراعظم منسٹرز انکلیو کے عام گھر میں رہیں گے اور اس کی تزئین و آرائش پر آنے والے اخراجات بھی عمران خان سرکاری قرضے کی بجائے اپنی جیپ سے کریں گے لیکن ناکام سکیورٹی کے باعث یہ فیصلہ بھی تبدیل کر دیا گیا پھر یہ آئیڈیا پیش کیا گیا کہ وزیراعظم پنجاب ہاؤس کی انیکسی میں رہائش رکھیں گے لیکن اس عمارت کو بھی سکیورٹی کے حوالے سے مناسب خیال نہ کیا گیا لیکن اب پھر فیصلہ تبدیل کرکے طے کیا گیا ہے کہ آئندہ وزیراعظم کی رہائش وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری کیلئے مختص سینکڑوں ایکڑ پر پھیلا بنگلہ ہوگا۔ واضح رہے کہ نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں نہ رہنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن طاقتور بیورو کریسی نے اس پر بھی عملدرآمد نہ ہونے دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن