• news

اسلام دشمن قوتوں نے پاکستان کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں کا سلوک کیا:اشرف آصف جلالی

لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک اورتحریک لبیک اسلام کے زیراہتمام شالامار باغ سے جلو موڑ تک جشن ِیوم ِ آزادی اور ہالینڈ کے گستاخانہ خاکوں کی مذّمت کے لئے لبیک جشن آزادی مارچ منعقد کیا گیا۔شرکاء مارچ اللہ اکبر لبیک یارسول اللہؐ ’’جیوے جیوے پاکستان اور اولیاء کا ہے فیضان پاکستان پاکستان‘‘کے نعرے لگارہے تھے۔ مارچ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔مارچ کی قیادت ڈاکٹر اشرف آصف جلالی،پیر خرم ریاض شاہ رضوی،مفتی عابد جلالی،پیر امین نبیل سیالوی،غازی احمدشیرنیازی، صاحبزادہ سردار احمد رضا فاروقی،علامہ فرمان جلالی، صاحبزادہ مرتضی ہاشمی، میجر(ر)ظہیر، شاہد نمبردارنے کی۔ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا پاکستان اسلام کے روشن نظریے کی سہانی صبح کا نام ہے۔پاکستان ’’زندہ باد ‘‘کے نعروں کے لئے محمود اچکزئی جیسے لوگوں کا اور جشنِ آزادی فضل الرحمان جیسے لوگوں کا محتاج نہیں ہے۔تحریک لبیک، تحریک لبیک اسلام آل انڈیا بنارس سنی کانفرنس کا تسلسل ہے۔ ہمارے اکابرین نے انگریز کو دیس نکالا اس دھرتی کو آزاد کرایا تھا۔ ہم کسی طالع آزما کو پاکستان کے ایوان اقتدار سے کھیلنے نہیں دیں گے۔ ہالینڈ کے گستاخ سن لیں عشق رسولؐ اپنی راہیں خود بنا لیتا ہے گستاخانہ خاکوں کی نمائش کو نہ روکا گیا تو 24 ستمبر کو دمادم مست قلندر ہو گا۔ گستاخانہ خاکے بنانے والے سب سے بڑے فسادی ہیں اور انہیں روکنا قیام امن کا کردار کرنا ہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر بننے والا ملک ہے، غیر مسلم قوموں اور اسلام دشمن قوتوں کے نمائندوں نے اس سے ہمیشہ سوتیلی ماں کاسلوک کیا۔اب ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مفتی عابد جلالی نے کہا نظریۂ پاکستان نظریۂ ایمان ہے۔ اکھنڈ بھارت کی سوچ رکھنے والے پاکستان کو کرائے کا مکان سمجھتے ہیں۔ کانگریسی ملاؤں نے جشنِ آزادی کا انکار کر کے اپنی اصلیت ظاہر کر دی ہے۔ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے پیر خرم ریاض شاہ رضوی نے کہا سیکولر قوتیں پاکستان کے مذہبی تشخص کو چھیڑنے سے باز رہیں۔ تحریک لبیک اسلام سیاسی بہروپیوں سے پنجہ آزمائی کرتی رہے گی۔ صاحبزادہ مرتضی ہاشمی نے کہا کہ پاکستان امریکہ کی کالونی نہیں بلکہ مدینہ منورہ کا ایک محلہ ہے علامہ فرمان جلالی نے کہا کہ پاکستان کا ستحکام صرف اور صرف نظام مصطفیؐکی حکمرانی اور ناموس مصطفیؐ کی پاسبانی ہے۔دریں اثنا مارچ سے پہلے تحریک لبیک کے مرکزی سیکرٹریٹ مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں شہداء آزادی اور قائدین آزادی کی ارواح کو ایصال ثواب کرنے کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے دیگر علماء و مشائخ اور طلباء کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور سرسبز پاکستان کے لیے مرکز صراط مستقیم میں پودا لگا کر لبیک اسلام شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

ای پیپر-دی نیشن