پنجاب اسمبلی ایسے چلاﺅں گا لوگ پرانی بدمزگیاں بھول جائینگے: پرویزالٰہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ق اور پاکستان تحریک انصاف کے سپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے مشترکہ امیدوار کی حیثیت سے چودھری پرویزالٰہی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ہیں جبکہ ڈپٹی سپیکر کیلئے دوست محمد مزاری کے کاغذات بھی منظور ہو گئے۔ مسلم لیگ (ق) کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے قبل ازیں اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 12سال بعد پنجاب اسمبلی آنے کا موقع ملا ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں یہاں اپوزیشن لیڈر، وزیر بلدیات، سپیکر اور وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز رہ چکا ہوں۔ پنجاب اسمبلی کے متعلق اس سوال پر کہ اس کا خراب ماحول مشہور ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ انشاءاللہ ایوان کو احسن طور پر ایسے چلائیں گے کہ لوگ پہلے ہونے والی بدمزگیوں کو بھول جائیں گے۔ اپوزیشن ارکان کی بھاری تعداد کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ اللہ کریم بہتر کرے گا سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ بطور سپیکر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔ اس موقع پر حافظ عمار یاسر، سردار آفتاب اکبر، باﺅ رضوان اور دیگر ارکان اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے عبدالعلیم خان اور ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی اور مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔
پرویزالٰہی