• news

ناجائز اثاثہ جات کیسز: چودھری برادران آج علی جہانگیر صدیقی 27اگست کو نیب طلب

لاہور (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) نیب نے ناجائز اثاثہ جات کیسز میں چودھری برادران کو آج، امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کو 27اگست کو طلب کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب لاہور نے ناجائز اثاثہ جات کیس میں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کو آج 16اگست کو 11بجے طلب کر لیا ہے، دونوں کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے۔ نیب کے مطابق چودھری برادران اور ان کے اہل خانہ کے نام بہت سی کمپنیوں میں شیئرز کا انکشاف ہوا ہے۔ چودھری برادران اور اہل خانہ کے نام پر مختلف بنکوں میں بڑی رقوم کی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔ چودھری برادران اثاثوں سے متعلق مصدقہ پروفارما جمع کرانے میں ناکام رہے۔ دریں اثناءقومی احتساب بیورو (نیب)لاہور نے امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کو طلب کر لیا ہے۔ علی جہانگیر صدیقی کو نیب کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں 27 اگست کو ذاتی طور پر پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں، اس کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے اثاثہ جات کا مصدقہ ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع کے لئے کوئی مواد موجود نہیں، اس صورت میں ان کے خلاف نیب آرڈیننس کے شیڈول 2 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔اس سے قبل رواں برس مارچ میں بھی انہیں نیب طلب کیا گیا تھا، علی جہانگیر صدیقی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی کمپنی ایگری ٹیک کے حصص 11 روپے کے حقیقی نرخ کے بجائے 35 روپے میں فروخت کئے جس کی وجہ سے حکومتی اداروں کو 40 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے ایز گارڈ کمپنی کے شیئر ہولڈرز کو بھی اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔
چودھری برادران نیب طلب

ای پیپر-دی نیشن