نوجوان پاکستانی کھلاڑی امام الحق بھارت کیخلاف بڑے مقابلے کیلئے بے چین
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )آئندہ ماہ ایشیا ئکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نوجوان پاکستانی کھلاڑی امام الحق بھارت کیخلاف بڑے مقابلے کیلئے بے چین ہیں،انہوں نے کہا کہ روایتی حریف کیخلاف معرکہ دلچسپ ہی نہیں دباو کا بھی باعث ہوگا،مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہوئے بہترین نتیجے کیلئے کوشش کریں گے ،بھارتی سائیڈ کیخلاف کھیل کر کم عمری کا خواب پورا ہو جائےگا۔ ان کا خیال ہے کہ وہ پڑوسی ملک کیخلاف پہلی مرتبہ کھیلنے کے باوجود بہترین کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہیں گے اور پاکستانی ٹیم کامیاب رہے گی۔ امام الحق کا کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف کھیلنا ان کا خواب ہے اور وہ اس بارے میں بہت کچھ سوچتے رہے ہیں۔ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف میچ دلچسپی کا باعث ہوگا لیکن وہ شدید دباو¿ کے باوجود بہترین کارکردگی کی توقع کر رہے ہیں کیونکہ وہ بھارت کیخلاف مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، ٹیم انتظامیہ کھلاڑیوں کو یہ بات سمجھانے کی کوشش کر رہی ہے کہ انہیں حریف ٹیم کو دیکھنے کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اور سب نے ہی ایک حکمت عملی کو ذہن میں رکھا ہوا ہے کہ اپنی بہترین صلاحیت کو سامنے لانا ہے۔انہوں نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ بھارتی ٹیم اپنے کپتان ویرات کوہلی پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے جن کے بغیر اس ٹیم کی نصف طاقت کم ہو جاتی ہے کیونکہ بہترین ٹیم ہونے کے باوجود ویرات کوہلی نے اسکا ایک معیار قائم کیا ہوا ہے اور بھارتی قائد کو ایک جانب کردیا جائے تو یہ ٹیم آدھی رہ جاتی ہے۔