• news

گوجرانوالہ: ناجائز فروشی سے روکنے پر لیگی چیئرمین، ساتھیوں کی فائرنگ، ماں، بیٹے سمیت 4 زخمی

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) لیگی یوسی چیئرمین اور اسکے ساتھیوں نے مبینہ طور پر ناجائز فروشی سے منع کرنے کی رنجش پر فائرنگ کر کے ماں بیٹے سمیت چار افراد کو زخمی دیا۔ فرید ٹائون محلہ عثمان پارک میںلیگی چیئرمین بلال نثار، کمال، عدیل عرف بلو، فہد، طیب، طارق اور ندیم وغیرہ نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے بلاول، اسکی والدہ ناصرہ بی بی جبکہ اسلحہ کے بٹ مار کر آفاق اور حاشر کو زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تھانہ سیٹلائٹ ٹائون پو لیس کوناظم علی نے درخواست دیکر الزام عائد کیا تھا کہ طیب وغیرہ بلال نثار کی ایماء پر ناجائز فروشی کرتے تھے جنہیں چند روز قبل منع کیا گیا تھا ، ملزمان بلال، کمال، طیب، عدیل،طارق، عابد، فہد اور ندیم وغیرہ سمیت 8 مسلح نامعلوم افراد گلی میں اہل محلہ کو غلیظ گالیاں دے رہے تھے جنہیں اسکے بھانجے بلاول نے منع کیا تو انہوں نے فائرنگ کر کے بلاول اور اسکی والدہ کو زخمی کر دیا جبکہ آفاق اور حاشر انہیں چھڑوانے کیلئے آگے بڑھے تو ملزمان نے اسلحہ کے بٹ مار کر انہیں بھی زخمی کر دیا اور ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعہ کیخلاف لواحقین نے احتجاج بھی کیا۔ پو لیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے دوسری جانب یوسی چیئرمین رانا بلال نثار کا موقف ہے کہ جگہ کے لین دین کے تنازعہ پر چار ماہ قبل انکے قریبی ساتھی طیب کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس پر انہوں نے تھانہ سیٹلائٹ ٹائون میں درخواست دی اور پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا تھا جبکہ اسی رنجش کی بناء پر گزشتہ روز حاجی گلزار اور سردار عرف دارا سمیت 35 افراد طیب کے گھر پر آئے جسکی غیر موجودگی میں انہوں نے خواتین کو زدوکوب کیا۔ بعدازاں مذکورہ ا فراد نے میرے بھائی کو ڈیرہ پر جا کر زدوکوب اور سالے فہد کو ہاتھ پر فائر مار کر فرار ہو گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن