درآمدات پر ریگولیٹری ڈیوٹی سے درآمدی بل اور تجارتی خسارہ بڑھنے کی رفتار کم ہو گئی
کراچی (صبا ح نیوز)درآمدات پر ریگولیٹری ڈیوٹی نے درآمدی بل اور تجارتی خسارہ بڑھنے کی رفتار کم کر دی،مالی سال2018-19 کے پہلے ماہ تجارتی خسارے میں صرف 0.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق جولائی کا تجارتی خسارہ جون سے 16 فیصد کم ہے،نئے مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران اشیا کی بیرونی تجارت میں 3 ارب 19 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا رہا، جو گذشتہ سال سے صرف ایک کروڑ ڈالر زیادہ ہے جولائی کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 1 ارب 64 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا، جو گذشتہ جولائی سے 1.2 فیصد زیادہ ہے۔اس دوران پٹرولیم مصنوعات اور دوسری اشیا کا درآمدی بل 4 ارب 83 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا، جو گذشتہ مالی سال کے اس عرصے سے صرف صفر اعشاریہ چھ فیصد زیادہ ہے، رپورٹ کے مطابق جولائی کی برآمدات جون کے مقابلے میں اگر چہ تقریبا 13 فیصدکم رہیں تاہم درآمدات میں جون کے مقابلے میں 15 فیصد سے زائد کمی کے باعث جولائی کا تجارتی خسارہ جون سے 16 فیصد کم رہا۔