عمران کی زیرصدارت اجلاس 100 روزہ لائحہ عمل کو حتمی شکل دیدی : گورنر تبوک کا فون مبارکباد دی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+نوائے وقت رپورٹ)تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود نے جمعرات کے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور ان کی نئی حکومت کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ عمران خان نے شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود کا شکریہ ادا کیا اور خیرسگالی کے جذبات کا خیرمقدم کیا۔آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایلن بارڈر نے نامزد وزیراعظم عمران خان کے نام تہنیتی پیغام بھیجا۔ انہوں نے عمران خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور کہا کہ کرکٹ کی پوری برادری کو عمران خان پر فخر ہے۔ ہمیں یقین ہے وہ پورے جذبے اور ناز کے ساتھ اپنے عوام کی قیادت کریں گے ۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف نے آئندہ 100 دنوں کیلئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دیدی۔ چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کا اہم اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق 100 دنوں کیلئے وفاقی و صوبائی اداروں کے سربراہان کی تبدیلی کی فہرستیں تیار کر لی گئیں۔ سابق چیف سیکرٹری خیبر پی کے ارباب شہزاد نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ وفاقی و صوبائی اداروں کے سربراہان کی تبدیلی کی سفارشات ارباب شہزاد نے مرتب کیں۔ اجلاس میں 100 دنوں کیلئے ارباب شہزاد کی سفارشات کی منظوری دیدی گئی۔ وفاقی سیکرٹریز کے تبادلوں کی فہرستیں بھی تیار کر لی گئیں۔ سیاسی بنیادوں پر اعلیٰ عہدوں پر تعینات افسران کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔ ایف بی آر، نیپرا، پی آئی اے سمیت کئی اداروں کے سربراہان کی تبدیلی کا پلان ہے۔ سرکاری اداروں میں متعلقہ شعبے کے ماہرین کو تعینات کیا جائے گا۔ نئی تعیناتیاں 100 دن کیلئے ہونگی۔ 100 دن بعد ان افسران کی کارکردگی جانچی جائیگی۔ مزیدبرآں آئی این پی کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے ملاقات کی جس میں خیبر پی کے میں نئی کابینہ کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سپیکر خیبر پی کے اسمبلی اور نامزد گورنر خیبر پی کے فرمان شاہ بھی موجود تھے۔ اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق چین کے وزیراعظم 20 اگست کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ٹیلیفون کرکے انہیں الیکشن جیتنے اور وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیں گے۔ یہ انکشاف پاکستان میں چین کے سفیر نے جمعرات کو وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران کیا۔ چینی سفیر نے شاہ محمود قریشی کو ان کی جماعت کے الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔ اس موقع پر دونوں نے پاک چین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چینی سفیر نے کہا چین کے پاکستان کے ساتھ دہائیوں پر محیط تعلقات میں گرمجوشی اور قربت پائی جاتی ہے۔ چینی قیادت پاکستان میں قائم ہونے والی نئی حکومت کے ساتھ قریبی مراسم کی خواہاں ہے۔ چینی وزیراعظم بذات خود عمران خان سے بات کرنا چاہیں گے جس کیلئے وہ 20 اگست کو انہیں ٹیلیفون کریں گے۔ چینی سفیر نے کہا دونوں رہنماء باہم گفتگو میں دو طرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے چین کا سفیر کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ چینی قیادت کی جانب سے خیرسگالی کے جذبات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاک چین تعلقات اور باہمی اشتراک میں مزید نکھار لانے کی ضرورت ہے۔ معیشت،تجارت اور سفارتکاری سمیت دیگر امور میں تعاون کی نئی راہیں کھولنا چاہیں گے ۔نامزد وزیراعظم عمران خان نے تقریب حلف برداری سادگی سے کرنے کی ہدایت کر دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے کہا ہے تقریب حلف برداری کے بعد مہمانوں کی تواضع چائے اور بسکٹ سے کی جائے قومی خزانے پر کسی قسم کا بوجھ نہ ڈالا جائے۔ عمران خان تقریب میں سیاہ واسکٹ پہنیں گے۔
عمران/اجلاس/فون