• news

قید و بند کی صعوبتیں منزل میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں : نوازشریف

راولپنڈی/ بھلوال (این این آئی+ نامہ نگار) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ قیدوبند کی صعوبتیں ہماری منزل میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ ملک و قوم کی خاطر سزا کو قبول کیا۔بیماری کے دوران مجھے جیل میں چیک کرنے والا ڈاکٹر روپڑا اور اس نے بتایا کہ آج مجھے گردش حالات پر رونا آیا ہے۔ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سے مسلم لیگ ن رہنما ﺅں نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ سینیٹر مشاہد حسین سید، میر حاصل بزنجو، پرویز ملک، طلال چوہدری، زبیر محمود اور غلام دستگیر کے علاوہ صاف پانی کمشن کے سابق سربراہ قمرالاسلام کے بچے بھی ملاقاتیوں میں شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈمحمد صفدر نے سفید شلوار قمیض پہن رکھی تھی جبکہ دوران ملاقات مریم نواز مگ میں چائے پیتی رہیں۔ نواز شریف نے ملاقات کرنے والوں سے مختلف امور پر گفتگو کی اس دوران انہوں نے پارٹی رہنماﺅں سے کہا کہ ہم نے ملک کی خدمت کی ہے تاہم مشکل وقت آتا ہے اور چلا جاتا ہے۔ لوگوں نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے جس پر وہ ان کے شکرگزار ہیں۔ ملاقات کے دوران مریم نواز نے قمرالاسلام کی بیٹیوں کو پیار کیا اور کہا بچو گھبرانا نہیں ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ مشاہد حسین سید نے نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کل اسمبلی میں عمران خان کو ٹف ٹائم دیا، وہ کل کافی پریشان تھے۔ مریم نواز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہاں میں نے بھی اخبار میں پڑھا ہے کہ عمران خان اسمبلی میں پریشان دکھائی دئیے۔ بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق نومنتخب ایم این اے ڈاکٹر مختار احمد بھرت نے بھی محمد نواز شریف قائد مسلم لیگ ن سے ملاقات کی۔ ان سے ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر میاں محمد نواز شریف نے ڈاکٹر مختار احمد بھرت کو اپنی جانب سے حلقہ کے عوام کا شکریہ اداکرنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی محبت ہی ہمارا سرمایہ ہے۔ ہمارا عوام سے رشتہ ہے ٹوٹ نہیں سکتا۔ اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں شریف خاندان کے 10 افراد سمیت مسلم لیگ (ن) کے 30 رہنما شامل تھے۔ جیل حکام کی جانب سے مرتب کی گئی فہرست میں میاں شہباز شریف کا نام بھی شامل تاہم وہ ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل نہیں پہنچ سکے۔ ملاقات کرنے والوں میں عباس شریف مرحوم کے بیٹے، مریم نواز کے صاحبزادے حنیف صفدر، صاحبزادی مہر النسا سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے وفد نے بھی اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ لیگی وفد میں سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ، رکن قومی اسمبلی کھیئل داس کوہستانی اور خالد شیخ شامل تھے۔ وفد نے اپنے قائد نواز شریف کو سندھ کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔ شاہ محمد شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نواز شریف نے اڈیالہ جیل سے سندھ کے عوام اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو سلام دیا ہے۔ ان کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے ملک و قوم کی خاطر اس قید کی سزا کو بھی قبول کیا ہے۔
نواز شریف

ای پیپر-دی نیشن