واجپائی انتقال کر گئے‘ امن کی خواہش دونوں جانب ہے سربراہ پی ٹی آئی کا اظہار افسوس
نئی دہلی/اسلام آباد (این این آئی) بھارت کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی طویل علالت کے بعد 93برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سابق بھارتی وزیراعظم گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور 11 جون سے دہلی کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیرعلاج تھے۔ واجپائی کے انتقال پر بھارت میں 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اٹل بہاری واجپائی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارت کو ہمارے عزیز اٹل جی کی وفات پر دکھ ہے۔ ان کے جانے سے ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا‘۔ پاکستان نے سابق بھارتی وزیراعظم واجپائی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق واجپائی نے پاک بھارت تعلقات میں مثبت تبدیلی کیلئے کردار ادا کیا۔ واجپائی نے سارک اور علاقائی تعاون کے فروغ کی ہمیشہ حمایت کی۔ عمران خان نے بھارت کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی وفات پر گہرے غم اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے اٹل بہاری واجپائی کی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ واجپائی کے انتقال سے جنوبی ایشیاءکی سیاست میں بڑا خلا پیدا ہوا۔ امن کی خواہش دونوں جانب ہے۔ بلاول بھٹو نے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ واجپائی نے پاکستان اور بھارت میں اعتماد سازی کی کوششیں کیں۔ امید ہے بھارتی حکومت واجپائی کی روایات برقرار رکھے گی۔ پاکستان نے واجپائی کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے سرکاری وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے نگران وفاقی وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے سے آج دہلی روانہ ہوں گے۔ وفد میں دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام کی شمولیت بھی متوقع ہے۔
واجپائی