کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ اتنی بڑ ی ذمہ داری مل جائے گی: قاسم سوری
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ مجھے عمران خان کبھی اتنی بڑی ذمہ داری دیں گے۔ 2013 ء میں محمود خان اچکزئی میرے حلقے سے دھاندلی کے ذریعے جیتے تھے جب مجھے معلوم ہوا کہ عمران خان مجھے ڈپٹی سپیکر بنا رہے ہیں تو خوشی کی انتہا نہ رہی ہم بلوچستان کے مسائل کو سیاسی انداز میں حل کریں گے۔ صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نوجوانوں کیلئے کسی حکومت نے کچھ نہیں کیا، ہم بلوچ نوجوانوں کو قومی دھارے میں لائیں گے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پشتونخواہ ملی پارٹی نے بلوچستان میں کرپشن کا بازار گرم کئے رکھا۔ کوئٹہ شہر اس وقت بھی گندگی سے بھرا ہوا ہے جبکہ پانی کی سہولتیں بھی ناپید ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے منتخب کرنے والے ووٹروں نے تبدیلی کو ووٹ دیا ہے ۔