ٹر مپ کے بیانات پر 300 امریکی اخبارات کی مہم، آزادی صحافت کا دفاع
واشنگٹن(اے ایف پی) امریکہ کے 300 سے زائد اخبارات نے ٹرمپ کے میڈیا کے خلاف بیانات اور آزادی صحافت کے فروغ کے لیے ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے میڈیا کی خبروں کو جعلی خبریں قرار دیتے ہوئے صحافیوں کو ’’عوام کا دشمن‘‘ قرار دیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ کے مطابق وہ 281 مرتبہ میڈیا کے خلاف بیان دے چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے اس بیان نے صحافیوں کے خلاف تشدد کو بڑھایا ہے۔ بوسٹن گلوب نے 16 اگست کو’’انتظامیہ کے پریس پر حملوں کے خطرات‘‘ پر اداریہ لکھنے کا اعلان کرتے ہوئے دوسرے اداروں کو بھی ایسا کرنے کی درخواست کی تھی جس کے بعد ابتدائی طور پر بوسٹن گلوب کو 100 صحافتی اداروں کی جانب سے مثبت ردعمل ملا جو اب بڑھ کر 350 تک جا پہنچا ہے، اس مہم میں امریکہ کے نامور قومی اخبارات اور چھوٹے مقامی اخبارات شامل ہیں، اس مہم میں بین الاقوامی اشاعتی ادارے بھی شامل ہیں جن میں برطانوی اخبار دی گارڈین بھی اس مہم کا حصہ ہے۔