جمہوری تبدیلی بہت اچھی، بھارتی کرکٹر نوجوت سدھو پاکستان پہنچ گئے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سابق بھارتی کرکٹر اور رکن پارلیمنٹ نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی دعوت پر تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے۔ نوجوت سدھو واہگہ کے راستے لاہور پہنچے، نوجوت سدھو کی عمران خان سے ون ٹو ون ملاقات کا بھی امکان ہے وہ 19 اگست کو واپس لاہور سے بھارت لوٹ جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں نوجوت سنگھ سدھو نے کہا پاکستان کی جمہوریت میں جو بدلاو¿ آیا وہ لمحے بہت خاص ہیں، یہ لمحے کروڑوں عوام اور ان کے دلوں کی آواز ہیں۔ پاکستان کی جمہوریت میں آنے والی تبدیلی بہت اچھی ہے، میں سیاسی بندہ بن کر نہیں آیا، میں عمران خان کی دعوت پر آیا ہوں، میں امن اور محبت کا پیغام لے کر آیا ہوں۔ کھلاڑی اور فنکار فاصلے مٹاتے ہیں اور دوسرے کو آپس میں جوڑتے ہیں۔ میں سیاست نہیں کرنے آیا، عمران خان کے بلاوے پر ان کی خوشی میں شریک ہونے آیا ہوں، میں عمران خان کو سونا مانتا ہوں اور ان کے لئے ایک کشمیری شال اور پنجابی چپل کا تحفہ لایا ہوں ، عمران خان نے انہیں جو عزت اور حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے وہ اس پر ان کے شکر گزار ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے منازل طے کرے گا اور پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری آئے گی۔ پاکستان کی طرف سے نوجوت سنگھ سدھو کو دو ہفتے کا ویزا جاری کیا گیا ہے، عمران خان نے سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر اور کپل شرما کو بھی مدعوکیا تھا تاہم اپنی مصروفیات کے باعث ان دونوں نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی تھی۔
نوجوت سدھو