منی لانڈرنگ کیس‘ زرداری سمیت 15 مفرور ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری‘ چار ستمبر تک گرفتار کرنیکا حکم
کراچی (وقائع نگار+ ایجنسیاں) منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ نے سابق صدر زرداری سمیت15 مفرور ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، ملزموں کو 4 ستمبر تک گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے انور مجید اور ان کے بیٹے عبد الغنی مجید کو24 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔ ملزموں میں نمر مجید‘ اسلم مجید‘ عارف خان‘ ناصر عبد اللہ ‘ حسین لوتھا‘ عدنان جاوید‘ محمد عمیر‘ اقبال آرائیں‘ اعظم وزیر خان‘ مصطفیٰ ذوالقرنین شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے آصف زرداری سمیت تمام مفررو ملزموں کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کرلی۔ ملزموں کے خلاف بوگس اکاﺅنٹ کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے اس مقدمے میں فریال تالپور ضمانت پر ہیں جبکہ حسین لوائی‘ طحہٰ رضا‘ انور مجید اور عبد الغنی مجید گرفتار ہیں۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر اور سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی تردید کرتے ہوئے میڈیا پر چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا۔ آصف زرداری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف علی زرداری ضمانت کراتے ہیں یا نہیں یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے لیکن وہ بھاگنے والوں میں سے نہیں ، انہوں نے پہلے بھی قانون کا سامنا کیا اور ابھی کریں گے۔
زرداری/وارنٹ