ہال روڈ پولیس چوکی پر 7 ہزار روپے رشوت لینے کا الزام
لاہور (کلچرل رپورٹر) سینما مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور میٹروپول سینما کے ڈائریکٹر قیصر ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ چند پولیس اہلکاروں کے غلط روئیے نے پولیس کے پورے محکمہ کو بدنام کر دیا ہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات دس بجے چار پولیس اہلکار میٹروپول سینما پر اور سینما ہال میں موجود فلم دیکھنے والی دو خواتین کو پکڑ لیا اور انہیں ڈرایا دھمکایا کہ تم لکشمی چوک سے …… غلط کاموں کیلئے …… ہو۔ پولیس اہلکار دونوں خواتین کو ہال سے باہر لے آئے اور سینما منیجر طاہر یونس کو کہا کہ آپ نے ان خواتین کو ٹکٹ کیوں دئیے؟ پولیس اہلکاردونوں خواتین اور منیجر طاہر یونس کو ہال روڈ پولیس چوکی لے گئے اور رات 2 بجے تک چوکی میں بند رکھا۔ ڈرایا دھمکایا اور تشدد کیا اور منیجر سے 7000 روپے لے کر چھوڑ دیا۔ سینما منیجر طاہر یونس نے سی سی پی او، ڈی آئی جی اپریشن، ایس پی ڈسپلن، ایس پی سول لائنز اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو زیادتی کے مرتکب پولیس اہلکاروں کے خلاف درخواست دے دی ہے۔