یوم آزادی کک باکسنگ چیمپئن شپ کا ٹائٹل ڈسٹرکٹ سائوتھ کے نام
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن کے زیر نگرانی سندھ کک باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ سپورٹس بورڈ حکومت سندھ کے اشتراک سے یوم آزادی پر "یوم آزادی کک باکسنگ چمپئن شپ 2018 "کا شاندار انعقاد ہو ا جس میں کراچی کے تما م ڈسٹرکٹس کی کک باکسنگ ٹیموں نے حصہ لیا جس میں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر موجود تماشائیوں سے بھر پور داد وصول کی۔ ڈسٹرکٹ سائوتھ کی ٹیم نے یوم آزادی چمپئن شپ 2018کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا جبکہ ڈسٹرکٹ ملیر نے دوسری ،ڈسٹرکٹ ویسٹ نے تیسری ،ڈسٹرکٹ ایسٹ نے چوتھی اور ڈسٹرکٹ سنٹرل نے پانچویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی ۔مقابلوں کے اختتام پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی کراچی پورٹ ٹرسٹ کے جنرل منیجر سپورٹس کرنل(ر) سید بصیر عالم اور ڈپٹی ڈائریکٹر رشین کلچرل سنٹر مسٹر ایوان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ کرنل (ر) سید بصیر عالم نے کہاکہ یوم آزادی پر صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے سپورٹس تقریبات کا انعقاد سپورٹس آرگنائزروں کا بہتر اور احسن اقدام ہے۔ انہوں نے منتظمین کو یقینی دلا یا کہ کک باکسنگ کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا۔