چین کی ترقی خطے اور عالمی استحکام کا باعث بنے گی: سنجرانی
اسلام آباد + بیجنگ (ا ے پی پی+ آئی این پی) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے چین کی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے چیئرمین وانگ یانگ سے بیجنگ میں ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے مابین تجارتی عدم توازن کو دور کرنے اورپاکستان میں چین کی سرمایہ کاری کے لئے مزید مواقع پیدا کرنے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان آزادانہ تجارت کی حکمت عملی سے متعلق تمام کاوشوں کی حمایت کرتا رہے گا۔ سینٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینٹ نے اپنے وفد کے ہمراہ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین سے بیجنگ میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی روابط کے استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تجارتی توازن کے پیش نظر2 ارب ڈالرکے چین کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک چائنا پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور بین الاقوامی سطح پر دونوں کے درمیان مثالی تعاون دوستی کو مزید تقویت بخشتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ چین کی ترقی خطے اور عالمی استحکام کے فروغ کا باعث بنے گی۔ خطے کی نئی ابھرتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر اب ضروری ہوگیا ہے کہ ایشیاء کی قیادت مسائل کے حل کے لیے خود ہی حل تلاش کرے اور اس ضمن میں چین بھرپور کردار ادا کرسکتا ہے۔ چین کی قومی عوامی کانگریس کی مجلس قائمہ نے کہا ہے کہ پاکستان سینٹ کے ساتھ باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کو اہمیت دیتے ہیں ، پاک چین تعلقات کو ہمسائیگی اور دوستی کی بہترین مثال ،علاقائی امن و امان کا ستون ،دی بیلٹ اینڈ روڈ سے وابستہ عالمی تعاون کی مثال بننا چاہئے جبکہ صادق سنجرانی نے کہا کہ نئی صورتحال میں پاکستان چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بناتے ہوئے مختلف چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کا خواہاں ہے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کی قومی عوامی کانگریس کی مجلس قائمہ کے سربراہ لی چائیں شو نے بیجنگ میں پاکستانی سینٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ چین کی قومی عوامی کانگریس پاکستان کی سینٹ کے ساتھ باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کو اہمیت دیتی ہے اور چین پاک دوستی کی بھرپور حمایت کے ساتھ اس کے مزید فروغ کی خواہش مند ہے تاکہ چین پاک چاروں موسموں کے تزویراتی شراکت داری کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔