عثمان بزدار کیساتھ کھڑا ہوں‘ پنجاب کی حالت بدلیں گے : عمران خان
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے پنجاب کے نامزد وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے خلاف سامنے آنے والے ماضی کے مقدمے کے حوالے سے کی جانے والی تنقید پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں نے دو ہفتے تک ان کے نام پر غور کیا جس میں ان کی ساکھ اور میرے نئے پاکستان کے تصور سے ان کی وابستگی نمایاں سامنے آئی۔ میں نے اس نام کو حتمی منظوری دینے سے قبل بڑی سرگرم کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کا ضلع ڈیرہ غازیخان کے اس علاقے سے تعلق ہے جہاں 2لاکھ کی آبادی کیلئے بجلی، پانی اور ڈاکٹر تک کی سہولت نہیں‘ وہ پسماندہ علاقے سے تعلق کی وجہ سے پسماندہ علاقوں کے عوام کے مسائل کو اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں۔ عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ ایک نظرانداز شدہ علاقے سے وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا گیا ہے۔عمران خان نے کہا ہے کہ میں اپنے نامزد امیدوار وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا ہوں اور عثمان بزدار کی بھرپور طریقے سے حمایت کرتا ہوں۔ دو ہفتے جانچ پڑتال کرنے کے بعد میں نے عثمان بزدار کو ایماندار پایا ہے۔ عثمان بزدار میرے نئے پاکستان کے نظریے پر پورا اترتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب میں کہا ہے کہ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کرنے کا فیصلہ صوبے کے مفاد میں ہے تمام ارکان اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ صوبے میں کام کریں، ہم صوبے کی تقدیر بدل کر دکھائیں گے، پنجاب کے عوام کو مایوس نہیں ترقی اور خوشحالی دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان سے بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو اور 92ءکا ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کھلاڑیوں نے ملاقات کی۔ عمران خان نے پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کیلئے انقلابی تبدیلیوں کا اعلان کیا۔ ملاقات میں 1992ءورلڈ کپ اور اس سے وابستہ یادوں کو بھی تازہ کیا گیا۔ کھلاڑیوں نے پاکستان میں کرکٹ کو بہتر بنانے سے متعلق تجاویز دیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ کرکٹ کا ڈھانچہ بدلنے کیلئے اہم فیصلے کریں گے، پرانے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو اہم ذمہ داریاں دیں گے۔ کرکٹ کے نئے گراﺅنڈز بناکر گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ اوپر لائیں گے۔ نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان سے پوچھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین کون ہو گا تو اس سوال پر وزیراعظم عمرا ن خان نے مسکرا کر سابق صدر آئی سی سی احسان مانی کی جانب دیکھا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ایک سے دو روز میں نجم سیٹھی کو برطرف کرکے احسان مانی کو پی سی بی کا چیئرمین بنا دیا جائے گا۔
عمران